سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ جو لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں وہ ان پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔
ہم نیوز کے پروگرام ” فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاست مشکلات کا نام ہے اور انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کیا ہے، ملک میں سزا اورجزا کا نظام ہونا چاہیے تاکہ ہرکسی کیساتھ انصاف ہو۔
28ویں ترمیم کے معاملے پربات کرتے ہوئے سنیٹر واوڈا نے کہا کہ یہ معاملہ دھیرے دھیرے آگے بڑھ رہا ہے، رمضان کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے اورعید کے بعد ہی صورتحال میں کچھ بہتری آ سکتی ہے۔
آئینی ترمیم جلد لائی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے، وزیر دفاع
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نہ تو دوسری سیاسی جماعتوں کوکچھ دے سکتی ہے اورنہ ہی دوسری جماعتیں پی ٹی آئی کو کچھ دے سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اورپی ٹی آئی کے درمیان کسی قسم کی برف پگھلتی ہوئی نظرنہیں آ رہی، نہ کوئی ڈیل ہو رہی ہے، اورنہ کوئی ڈھیل دی جا رہی ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ بنی گالہ میں بھی کوئی منتقلی یا سیاسی شفٹ نہیں ہو رہی اورقانونی طورپربھی ابھی کچھ واضح نہیں ہے، تاہم انہوں نے خوش آئند قراردیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اوردیگرحکام کے درمیان انسداد دہشتگردی سے متعلق بات چیت ہو رہی ہے۔
سنیٹر واوڈا نے سہیل آفریدی کی دیگرسیاسی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی تعریف کی اور کہا کہ مشترکہ طور پرآگے بڑھنے کی بات مثبت قدم ہے، یہی راستہ ہے اور سیاسی برف قطرہ قطرہ کرکے پگھلے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے باتیں ماننا شروع کردی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ساتھ ہیں اور جو لڑکھڑائے گا وہی گرے گا۔
