تہران: ایران نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران ایک اہم سفارتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے واشنگٹن کو دوطرفہ مذاکرات ترکیہ کے بجائے عمان منتقل کرنے پر رضا مند کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کی درخواست پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مذاکرات عمان منتقل کرنے کی حامی بھری۔
تہران کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مذاکرات کے لیے عمان زیادہ موزوں اور غیر جانبدار مقام ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اب جمعہ کو عمان میں ہوں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران-امریکا مذاکرات: معاہدہ نہ ہونے پر ٹرمپ کی تہران کو برے نتائج کی دھمکی
سیاسی مبصرین کے مطابق حالیہ کشیدہ حالات میں مذاکرات کا مقام تبدیل کروانا ایران کی ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ جو خطے میں مستقبل کی پیش رفت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
