لاہور ہائیکورٹ نے بسنت کے تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
جسٹس ملک اویس خالد نے گزشتہ سماعت کا تحریری عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ بسنت فیسٹیول کے دوران عوام کے تحفظ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بسنت کے دوران ریڈ زون اور پارکوں میں خصوصی میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی سروسز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اورمتعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں۔
پنجاب حکومت نے 2 تعطیلات کا اعلان کر دیا، نوٹیفکیشن جاری
عبوری حکم کے مطابق اے ڈی سی جی کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ تین اسپتالوں کو موبلائز کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔
عدالت نے واضح کیا کہ بسنت کے موقع پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
