لاہور: پنجاب حکومت نے بسنت فیسٹیول کے موقع پر لاہور میں مفت ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا۔
عوام اور سیاحوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران عوامی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر مفت فراہم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری سے 6 فروری سے 8 فروری تک نافذ العمل رہے گا۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد بسنت کے جشن کے دوران شہریوں کو محفوظ، آسان اور بلا معاوضہ سفری سہولیات فراہم کرنا اور شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موٹرسائیکل کے استعمال سے گریز کریں۔ کیونکہ پتنگ کے دھاگوں کے باعث موٹرسائیکل سواروں کو زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس لیے موٹرسائیکل کے بجائے ماس ٹرانزٹ سسٹم استعمال کریں۔
انتظامیہ کے مطابق جمعہ 6 فروری کی صبح سے اتوار 8 فروری کی رات تک درج ذیل سفری سہولیات مکمل طور پر مفت ہوں گی:
اورنج لائن میٹرو ٹرین: روزانہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار مسافروں کو سفری سہولت فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
میٹرو بس سروس: شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس مفت دستیاب ہو گی۔
اسپیڈو اور الیکٹرک بسیں: شہر کے 24 مخصوص روٹس پر 200 سے زائد فیڈر بسیں چلائی جائیں گی۔
رائیڈ ہیلنگ سروسز کے ساتھ شراکت داری: پنجاب حکومت نے پہلی بار نجی رائیڈ ہیلنگ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس کے تحت شہریوں کو مختصر فاصلے کے لیے 60 ہزار مفت کیب رائیڈز اور 6 ہزار مفت رکشہ سفر فراہم کیے جائیں گے۔
اہم بس روٹس
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بسنت فیسٹیول کے موقع پر شہر کے تمام اہم علاقوں کو لبرٹی چوک اور دیگر تقریباتی مقامات سے منسلک کرنے کے لیے 24 مرکزی روٹس مقرر کیے ہیں۔ کچھ مقبول روٹس درج ذیل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا 7 فروری کو لبرٹی چوک میں جشن منانے کا اعلان
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کے دوران لاہور بھر میں محفوظ، آسان اور بلا معاوضہ سفر کو یقینی بنانا ہے۔
