جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 35 فیصد کا غیر معمولی اضافہ


شہباز شریف حکومت کو سال 2026 کے پہلے ہی مہینے میں برآمدات کے محاذ پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ تجارتی اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2026 میں نہ صرف برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا بلکہ درآمدات اور تجارتی خسارے میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر پاکستان کی برآمدات میں 34 اعشاریہ 96 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جو حالیہ برسوں کی بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ سالانہ بنیادوں پر بھی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے مطابق جنوری 2026 میں پاکستان کی برآمدات 3 اعشاریہ 73 فیصد بڑھ گئیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے مہینے میں برآمدات کا مجموعی حجم 3 ارب 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مہینوں کے مقابلے میں ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔ ماہرین کے مطابق برآمدات میں یہ اضافہ حکومتی پالیسیوں، صنعتی سرگرمیوں میں بہتری اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی طلب بڑھنے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب جنوری کے دوران درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث مجموعی تجارتی خسارہ بھی کم ہوا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی خسارے میں کمی معیشت کے لیے مثبت علامت ہے، کیونکہ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوتا ہے اور بیرونی ادائیگیوں میں سہولت ملتی ہے۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ برآمدات کے فروغ کے لیے صنعتوں کو دی جانے والی مراعات، توانائی کی بہتر دستیابی اور برآمدی شعبے کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق آنے والے مہینوں میں بھی برآمدات میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو پاکستان کی معیشت کو استحکام ملنے میں مدد ملے گی، تاہم برآمدات کے تسلسل کے لیے پالیسیوں میں مستقل مزاجی اور صنعتی شعبے کی مزید حمایت ناگزیر ہوگی۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp