تاریخی کمی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ


شدید فروخت کے دباؤ کے بعد منگل کو سونے اور چاندی کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بحالی اس وقت سامنے آئی جب امریکی فیڈ چیئرمین کے لیے کیون وارش کی نامزدگی اور سی ایم ای گروپ کی جانب سے مارجن کی شرائط سخت کیے جانے سے قیمتی دھاتوں کی قیمتیں ایک ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئی تھیں۔

رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ 2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,767.33 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ پیر کو یہ تقریباً ایک ماہ کی کم ترین سطح کو چھو گیا تھا۔ یاد رہے کہ جمعرات کو سونا 5,594.82 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح تک گیا تھا۔ اپریل ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 3 فیصد بڑھ کر 4,791.10 ڈالر فی اونس ہو گئے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ قیمتیں زیادہ معقول سطح کی عکاسی کرتی ہیں، کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں میں مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا۔ ان کے مطابق موجودہ بحالی قیمتوں کو جنوری کے دوسرے نصف کے آغاز والی سطح کے قریب لے آئی ہے۔

جنوری میں سونے کی قیمت میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا، جو نومبر 2009 کے بعد سب سے بڑی ماہانہ بڑھوتری تھی، جبکہ چاندی 19 فیصد تک مہنگی ہوئی۔ تاہم وارش کی نامزدگی کے بعد ڈالر میں مضبوطی اور مارجن کی شرائط میں اضافے نے قیمتی دھاتوں پر دباؤ بڑھایا۔

سی ایم ای گروپ نے پیر کی مارکیٹ بندش کے بعد قیمتی دھاتوں کے فیوچرز پر مارجن کی ضروریات بڑھا دیں۔ دوسری جانب امریکی لیبر بیورو کے مطابق جزوی سرکاری شٹ ڈاؤن کے باعث جنوری کی ملازمتوں سے متعلق رپورٹ جمعے کو جاری نہیں کی جائے گی۔

سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ 2026 میں فیڈرل ریزرو کم از کم دو مرتبہ شرح سود میں کمی کرے گا، اور کم شرح سود کے ماحول میں بغیر منافع دینے والا سونا عموماً بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔

اسپاٹ سلور 2.8 فیصد اضافے کے ساتھ 81.61 ڈالر فی اونس ہو گئی، جبکہ پلاٹینم میں معمولی اضافہ اور پیلیڈیم میں معمولی کمی دیکھی گئی۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp