ترکیہ کی مسلح افواج کے سربراہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک چیف آف آرمی اسٹاف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،ملاقات میں دونوں ممالک کی جانب سے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہارکیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو باہمی اعتماد اور عوامی روابط کا مظہر قرار دیا، سید عاصم منیر نے ترک مسلح افواج کی جانب سے تعاون اور حمایت کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کیساتھ مضبوط عسکری تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا،ترک جنرل نے پر تپاک استقبال پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔

ترک مسلح افواج کے سربراہ نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا،ترک جنرل نے مشترکہ مشقوں سمیت مختلف شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہارکیا۔
