واشنگٹن،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرِ صدارت کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے عالمی و داخلی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت اب تک 8 جنگیں رکوا چکی ہے اور 9ویں جنگ روکنے کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف جنگیں رکوانے کے عمل میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے غیر قانونی تارکینِ وطن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے سخت اقدامات کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن کو روکا اور امریکا کی سرحدوں کو محفوظ بنایا۔
یورپی یونین نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا
اس موقع پر انہوں نے وینزویلا کی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جلد امریکی شہری وینزویلا کا سفر کرسکیں گے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہوگی۔
امریکی صدرنے معاشی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صرف 11 ماہ میں امریکا میں 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری لائی گئی جبکہ سابق بائیڈن حکومت اپنے چار سالہ دورمیں محض ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرسکی۔
ٹرمپ کے مطابق دنیا کا کوئی بھی ملک آج تک 18 ٹریلین ڈالرکی سرمایہ کاری حاصل نہیں کرسکا، ماضی میں ایک ملک نے زیادہ سے زیادہ 3 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی تھی۔
صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز مل کر کام کریں گے اور امریکا کو ایک اور حکومتی شٹ ڈاؤن سے بچایا جا سکے گا۔
