لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ماں اور بیٹی کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر دلی دکھ اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ ناقابلِ برداشت ہے اور انسانی جان کے ضیاع پر کوئی معافی نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ نے اپنی غلطی چھپانے کے لئے ابتدا میں غلط حقائق شیئرکیے جو بعد ازاں سامنے آئے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس واقعے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو چھپانے کے بجائے کھلے دل سے ندامت کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
نالے میں ماں اور بیٹی کے گرنے پر مریم نواز کا شدید ردِ عمل، ذمہ داران کیخلاف کارروائی کے احکامات
ان کا کہنا تھا کہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات میڈیا کے ساتھ شیئر کرنا پڑیں، تاہم حقائق سامنے آنے کے بعد وہ ذاتی طور پر بھی خود کو شرمندہ محسوس کر رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ وہ اس واقعے کے بعد استعفیٰ دینے کے لیے بھی تیار تھیں، مگر وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ غلطی ان کی نہیں بلکہ انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کرے گی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
