لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تیاریوں کے باوجود پتنگ بازی کے سامان کی قلت اور آن لائن پرمٹ سسٹم کے غیر فعال رہنے کے باعث بسنت کی رونقیں ماند پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں پتنگ، گڈے اور ڈور کی فراہمی بدستور محدود ہے۔ جبکہ لائسنس ہولڈرز آن لائن پرمٹ کے اجرا کے منتظر ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے پورٹل پر تاحال پرمٹ فارم دستیاب نہیں ہو سکا۔ جس کے باعث کاروباری افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائسنس ہولڈرز آن لائن پرمٹ حاصل کر کے دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان منگوا سکتے ہیں۔ تاہم پرمٹ کے اجرا میں تاخیر کے باعث پتنگ، گڈے اور ڈور کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر بروقت پتنگ بازی کا سامان دستیاب نہ ہوا تو بسنت کی رونقیں بری طرح متاثر ہوں گی۔
ایسوسی ایشن نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آن لائن پرمٹ فوری طور پر جاری کیے جائیں۔ تاکہ بسنت فیسٹیول کامیابی سے منعقد ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کے مشیر پرویز خٹک کی گاڑی کو موٹر وے پر حادثہ
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان منگوانے کی اجازت دی تھی۔ تاہم عملی طور پر آن لائن پرمٹ سسٹم تاحال فعال نہیں ہو سکا ہے۔
