اسلام آباد اور راولپنڈی میں بوندا باندی شروع ہو گئی ہے جبکہ گلیات اور اس کے اطراف کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اورشہریوں کو سردی کی مزید شدت کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ملک میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے کل تک ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اوربرفباری کی پیشگوئی کی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظرالرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی بارش کی توقع ہے۔
مری میں شدید برفانی طوفان کی پیشگوئی، شہریوں کیلئے ہدایات جاری
چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور شانگلہ میں مزید برفباری ہوگی، جبکہ استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادی نیلم اور باغ میں بھی بارش اوربرفباری کا امکان ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں پونچھ اور حویلی میں بارش و برفباری متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بھی مزید برفباری ہو رہی ہے، نوشکی، ہرنائی اورژوب میں برفباری کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہیوی مشینری عملے کے ہمراہ قومی شاہراہوں پر موجود ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے۔
بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیراورگلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ برقرار ہے جبکہ کوئٹہ، قلات، مستونگ، کان مہترزئی، مسلم باغ اور چمن میں بارش و برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔
پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موسمی الرٹس پرعمل کریں اورخطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
