ڈھاکا: بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے 12 فروری کو ہونے والے ریفرنڈم اور 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر مسلح افواج کو اعلیٰ ترین سطح پر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے آرمی ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ انہوں نے آئندہ ریفرنڈم اور انتخابات کو ملک کے جمہوری مستقبل کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا۔
انہوں نے شفاف، آزاد اور پُرامن انتخابی ماحول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی اعتماد کے تحفظ میں مسلح افواج کا کردار نہایت اہم ہے۔
پروفیسر محمد یونس نے مسلح افواج کو ہدایت کی کہ وہ مکمل غیر جانبداری، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے الیکشن کمیشن اور سول انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔ تاکہ انتخابی عمل بلا رکاوٹ مکمل ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کو ریاست کے مستقبل کے بارے میں اپنی رائے دینے کا موقع ملے گا۔ جبکہ قومی انتخابات کے ذریعے عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ اس حساس مرحلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی عوامی اعتماد کو متاثر کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیش کا شیخ حسینہ کی تقریر پر بھارت کیخلاف سخت ردعمل
چیف ایڈوائزر نے واضح کیا کہ حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔ اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
