اسلام آباد: پاکستان حکومت نے ملک بھر کے ریٹیل آؤٹ لیٹس، دکانوں اور خوردہ فروشوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کا کم از کم ایک طریقہ لازمی قرار دے دیا۔ جس میں بالخصوص کیو آر (QR) کوڈ سسٹمز شامل ہوں گے۔
حکومت نے کیش لیس پاکستان پروگرام کے تحت کیو آر کوڈ سسٹمز کا فیصلہ کیا۔ جس کا مقصد نقدی پر انحصار کم کرنا، مالی شفافیت کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہار کیانی نے پالیسی مباحثے کے دوران بتایا کہ ہر ریٹیل آؤٹ لیٹ کو کم از کم ایک ڈیجیٹل پیمنٹ آپشن فراہم کرنا ہو گا۔ جیسے کہ راست کیو آر کوڈ یا دیگر قابل قبول ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے مؤثر نفاذ کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانونی فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے۔ تاکہ اس اقدام کو مستقل بنیادوں پر نافذ کیا جا سکے۔
حکومتی حکام کے مطابق اس پالیسی کے نفاذ سے کیش لیس ادائیگیوں کا رجحان بڑھے گا۔ ٹیکس چوری اور غیر رجسٹرڈ کاروباروں کی نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ جبکہ مالی شفافیت میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز کو ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام اپنانا ہو گا۔ بصورت دیگر متعلقہ حکام کارروائی کر سکتے ہیں۔ یہ اقدام وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈیجیٹل پالیسی کا حصہ ہے۔ جس کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے اور مالی شمولیت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فچ نے پاکستان کی معاشی صورتحال کی رپورٹ جاری کر دی
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے صارفین نقدی کے بغیر آسانی سے خریداری کر سکیں گے۔ جبکہ کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت آئے گی۔ اور پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی جانب ایک اہم قدم آگے بڑھے گا۔
