وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وہ راولپنڈی ٹائیگرز نامی نئی کرکٹ ٹیم قائم کر رہے ہیں۔
حنیف عباسی نے لاہور قلندرزکے سی ای اوعاطف رانا کے ہمراہ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ٹائیگرزکوعالمی معیار کی ٹیم بنایا جائے گا اوراسے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل کرنے کا ارادہ ہے۔
وزیرریلوے نے کہا کہ ٹیم میں صرف وہ نوجوان شامل ہوں گے جن کا ڈومیسائل راولپنڈی میں ہو، نوجوانوں کو کالجوں اوراسکولوں میں کھیلوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اورانہیں میرٹ کی بنیاد پر بڑا پلیٹ فارم دیا جائے گا، ٹرائلز 14 اور 15 فروری کو شروع ہونگے۔
بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ،آئی سی سی کا اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنیکا اعلان
انہوں نے کہا کہ لاہورقلندرزٹیم کی رہنمائی کرے گی اور نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کرے گی اور لڑکیوں کی ٹیم بھی بنائی جائے گی تاکہ خواتین کرکٹ کو فروغ دیا جا سکے، فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی معیار کا اسکواش کورٹ بھی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرزنے پاکستانی ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اہم کردارادا کیا ہے اورراولپنڈی کے کرکٹ گراؤنڈز بھی نوجوانوں کی ترقی کیلئے استعمال کیے جائیں گے اور کرکٹ کے ذریعے نوجوانوں میں اسپورٹس کلچرکو فروغ دیا جا رہا ہے۔
