چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی اور پی سی بی حکومت کے فیصلے کا پابند ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم آئی سی سی سے زیادہ اپنے ملک کے قوانین اورحکومتی پالیسی کے تابع ہیں، جو حکومت کہے گی وہی کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وادی سون میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کیلئے کام جاری ہے، جس سے نچلی سطح پر کھیل کو فروغ ملے گا، انفراسٹرکچر کی بہتری پی سی بی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
پاکستانی کرکٹرز سے فراڈ، کھلاڑیوں اور کمپنی کے مالک کا ردعمل آ گیا
چیئرمین پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کوورلڈکپ سے نکالنے کے فیصلے پرسخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سراسر ناانصافی ہے اور بنگلہ دیش کو ورلڈکپ کھیلنے کا پورا حق ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئی سی سی کی میٹنگ میں بھی مؤقف اختیارکیا کہ تمام ٹیموں کے لئے ایک جیسا معیار ہونا چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا اورکھیل کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ انصاف اور مساوات ہی عالمی کرکٹ کے فروغ کی بنیاد ہیں۔
