انڈر 19 ورلڈکپ 2026 کے گروپ سی کے آخری میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی، تاہم یہ فتح ایسے انداز میں حاصل کی گئی جس نے زمبابوے کو بھی سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کرا دیا، جبکہ اسکاٹ لینڈ مقابلے سے باہر ہو گیا۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ قوانین کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی نیٹ رن ریٹ کو آئندہ مرحلے کے لیے زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،آئی سی سی کی جانب سے تحفظات مسترد ہونے پربنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا ردعمل آگیا
129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز جارحانہ رہا اور 14 اوورز کے اختتام پر اسکور 84 رنز تک پہنچ چکا تھا۔ اس موقع پر پاکستان کو جیت کے لیے 45 رنز درکار تھے اور 11 اوورز سے زیادہ باقی تھے۔ تاہم اس کے بعد پاکستانی بیٹنگ میں غیر معمولی سست روی دیکھنے میں آئی۔
پاکستان نے ہدف 26.2 اوورز میں حاصل کیا، حالانکہ اگر وہ 25.2 اوورز سے پہلے میچ جیت لیتا تو زمبابوے کے بجائے اسکاٹ لینڈ سپر سکس مرحلے میں پہنچ جاتا۔ اس حکمتِ عملی کے باعث گروپ سی سے پاکستان اور زمبابوے نے کوالیفائی کیا، جبکہ اسکاٹ لینڈ باہر ہو گیا۔
ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق گروپ مرحلے کے بعد صرف انہی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچز کے پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ سپر سکس میں شامل کیے جاتے ہیں جو کوالیفائی کریں۔ چونکہ پاکستان نے زمبابوے کو اسکاٹ لینڈ کے مقابلے میں بڑے مارجن سے ہرایا تھا، اس لیے زمبابوے کی کوالیفکیشن پاکستان کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوئی۔
میچ کے دوران کمنٹری کرنے والے سابق کھلاڑی اینڈی فلاور نے پاکستان کی اس حکمتِ عملی کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے مفاد کو مدِنظر رکھا اور اس میں کوئی غیر اخلاقی پہلو نہیں۔
فلاور کے مطابق پاکستان کو بخوبی اندازہ تھا کہ زمبابوے کے ساتھ سپر سکس میں جانا ان کے لیے نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے بہتر ہوگا۔
جب زمبابوے کی سپر سکس میں رسائی یقینی ہو گئی تو پاکستانی بلے بازوں نے دوبارہ جارحانہ انداز اپنایا اور لگاتار دو چھکوں کی مدد سے میچ ختم کر دیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ نہ کھیلنے کے معاملہ،بی سی بی نے آئی سی سی سے ایک اور مطالبہ کر دیا
میچ کے اختتام پر اسکاٹ لینڈ کے لیے یہ منظر انتہائی مایوس کن تھا، تاہم اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کھیل کی روح کے خلاف کچھ نہیں کیا اور یہ حکمتِ عملی ماضی میں بھی عالمی ایونٹس میں دیکھی جا چکی ہے۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے ناقابلِ شکست 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
