پاکستان کے قومی سپنر سفیان مقیم انگلینڈ میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
سفیان مقیم کا انگلش کاؤنٹی ڈربی شائرسے معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت وہ ویٹیلیٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں ڈربی شائر کاؤنٹی کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سفیان مقیم ویٹیلیٹی بلاسٹ کے دوران مجموعی طورپر6 میچزمیں ڈربی شائر کی جانب سے میدان میں اتریں گے جبکہ وہ 29 مئی کو نوٹنگھم شائر کاؤنٹی کے خلاف شیڈول میچ کیلئے بھی دستیاب ہوں گے۔
قومی سپنر کی شمولیت سے ڈربی شائر کی بولنگ لائن کو مزید تقویت ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ڈربی شائر کاؤنٹی کے ہیڈ آف کرکٹ مکی آرتھر نے سفیان مقیم کی شمولیت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے ٹیم کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی کو ایک اور خط ، میچز ری لوکیٹ کرنیکی درخواست
مکی آرتھر کے مطابق سفیان مقیم ایک بہترین اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ضروریات سے بخوبی واقف ہیں، ان میں کامیابیوں کی شدید بھوک موجود ہے اوروہ مشکل حالات میں بھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کویقین ہے کہ سفیان مقیم نہ صرف اپنی اسپن بولنگ بلکہ میچ وننگ صلاحیتوں کے ذریعے ڈربی شائرکی کامیابیوں میں اہم کردارادا کریں گے۔
