اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی دو روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
جسٹس اعظم خان نے دونوں کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ دو دن کے اندرمتعلقہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔
عدالت عالیہ نے اس دوران ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گرفتارکرنے سے روک دیا اورہرایک کو دس، دس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔
عدالت میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ درخواست گزاروں کے خلاف ایف آئی آرلیک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس پر حفاظتی ضمانت کی درخواست دائرکی گئی۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد دونوں کوعارضی ریلیف فراہم کرتے ہوئے واضح کیا کہ اصل معاملے پرمتعلقہ عدالت ہی فیصلہ کریگی۔
عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس کل سماعت کیلئے مقرر
دوسری جانب ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف نئی ایف آئی آرسامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں واقع لیگل برانچ کو تالا لگا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لیگل برانچ کے عملے پر ایف آئی آرلیک کرنے کا الزام ہے، جس کے بعد پولیس کے سینئرافسران کے حکم پریہ اقدام اٹھایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایمان مزاری اورہادی علی چٹھہ کے خلاف مذکورہ ایف آئی آرجولائی میں درج کی گئی تھی تاہم اس میں اس وقت ضمانت نہیں کروائی گئی تھی۔
نئی ایف آئی آرسامنے آنے کے بعد دونوں نے حفاظتی ضمانت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور گزشتہ روز سے عدالت میں موجود تھے۔
قانونی ماہرین کے مطابق ہائیکورٹ کا یہ حکم عبوری نوعیت کا ہے اورآئندہ چند روز میں متعلقہ عدالت میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کے بعد مزید پیش رفت متوقع ہے۔
