لاہور: پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے ڈس ایبل پرسنز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (DPMIS) پورٹل متعارف کرا دیا۔ جس کے تحت اب خصوصی افراد کی رجسٹریشن اور معذوری سرٹیفکیٹ کا اجرا مکمل طور پر آن لائن کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے اس حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 5 لاکھ 56 ہزار 528 خصوصی افراد سرکاری ڈیجیٹل سسٹم پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں بصارت سے محروم افراد کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد ہے۔ جبکہ سماعت سے محروم رجسٹرڈ افراد کی تعداد 75 ہزار سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ 47 سے زائد افراد ذہنی معذوری کا شکار ہیں۔ اور 63 ٹرانسجینڈر افراد بھی خصوصی افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔
حکومت کے مطابق صوبے کے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ڈس ایبلٹی اسسمنٹ بورڈ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ تاکہ معذوری کے تعین اور سرٹیفکیشن کا عمل شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب سے متعلق سرجری کی افواہیں، والدہ کا وضاحتی بیان سامنے آ گیا
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ ماضی میں سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے باعث خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹہ سسٹم متاثر ہوا۔ تاہم اب پنجاب کابینہ نے 3 فیصد کوٹہ پر بھرتیوں کی اجازت دے دی ہے۔
