اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک لائیو کنسرٹ کے دوران ابھرتی ہوئی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شائے گل(shai gull singer) ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئیں، جہاں پرفارمنس کے دوران ایک بے قابو ڈرون ان کے ہاتھ سے ٹکرا گیا، جس کے باعث وہ زخمی ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اسلام آباد میں پیش آیا، جہاں شائے گل اپنے مداحوں کے لیے لائیو پرفارم کر رہی تھیں۔ اسی دوران کنسرٹ کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ایک تیز رفتار ڈرون اچانک گلوکارہ کے نہایت قریب آ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق چند لمحوں بعد ڈرون آپریٹر کے کنٹرول سے باہر ہو گیا اور تیز رفتاری کے باعث شائے گل کے ہاتھ سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے فوراً بعد کنسرٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پرفارمنس عارضی طور پر روک دی گئی۔ منتظمین نے گلوکارہ کو فوری طور پر اسٹیج سے ہٹا کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں شائے گل نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔
معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا اپنے عملے کیلئے 55 ارب ، 12 کروڑ روپے کے بونس کا اعلان
شائے گل نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اب بالکل ٹھیک ہیں اور کسی سنگین چوٹ سے محفوظ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ سب کی دعاؤں اور خیریت پوچھنے کا بے حد شکریہ۔‘‘ اس پیغام کے بعد مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہا۔
بعد ازاں گلوکارہ نے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں ان کی کلائی اور ہاتھ پر کٹ کے واضح نشانات دیکھے جا سکتے ہیں اور بعض جگہوں سے خون بھی رس رہا ہے۔
View this post on Instagram
کنسرٹ کے منتظمین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ڈرون ایک غیر پیشہ ور اور ناتجربہ کار آپریٹر کے زیرِ استعمال تھا، جو ہجوم اور اسٹیج کے قریب ڈرون کنٹرول کرنے میں ناکام رہا۔
ادھر سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے بڑے عوامی ایونٹس میں حفاظتی انتظامات کو مزید سخت بنایا جائے، کیونکہ ناتجربہ کار ڈرون آپریٹر کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
