میانمار میں پانچ برس کے وقفے کے بعد فوجی حکومت کی نگرانی میں مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا گیا، تاہم پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں ووٹرز ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا۔
ینگون سے خبر ایجنسی کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 11 جنوری جبکہ تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 25 جنوری کو ہوگی۔
سیاسی مبصرین نے ملک میں جاری خانہ جنگی، سیاسی جماعتوں کی تحلیل اور اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ، مغربی ممالک اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ان انتخابات کو غیر شفاف اور جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں عوامی مینڈیٹ کی حقیقی عکاسی سے عاری قرار دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق میانمار کی فوج نے فروری 2021 میں منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا تھا، جس کے بعد ملک شدید سیاسی بحران اور بدامنی کا شکار ہے۔
عالمی برادری نے ایک بار پھر میانمار میں جمہوری عمل کی بحالی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔
