لاہور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے پنجاب کے دورے کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 26 سے 28 دسمبر تک پنجاب کے دورے پر ہیں، جس کے دوران ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اوردیگرمتعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قیام، نقل و حرکت اور تمام سرکاری و غیر سرکاری سرگرمیوں کے دوران خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
اس مقصد کے لئے روٹس کی کلیئرنس، سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو فعال رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کا لاہور میں بسنت کے موقع پر بسیں اور رکشے فری چلانے کا اعلان
دورے کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات میں شرکت کریں گے۔
وہ اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ صحافیوں اور طلبہ سے بھی خصوصی نشستیں متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کوٹ لکھپت جیل کا دورہ بھی کریں گے، جس کے لیے جیل اور اطراف میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن قائم کی گئی ہے اور کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا۔
سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہتے ہوئے فرائض انجام دیں تاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے کو پُرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔
