بالی ووڈ کے سینئر ہدایتکار اور اداکار راکیش روشن اپنے بھتیجے ایشان روشن اور ایشوریا سنگھ کی شادی کی تقریب کے دوران ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرتے نظر آئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، شادی کی تقریب کے دوران خواجہ سراؤں نے نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد دی اور روایتی طور پر شگون کا مطالبہ کیا، اسی موقع پر راکیش روشن اور خواجہ سراؤں کے درمیان بات چیت تلخ کلامی میں بدل گئی، جس کے باعث وہ ناراض دکھائی دیے۔
ہریتھک روشن اور بیٹوں کے دلکش ڈانس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شگون کے معاملے پر دونوں جانب سے گفتگو ہوتی ہے، جبکہ تقریب میں موجود دیگر اہلِ خانہ صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم شگون کی رقم پر اتفاق نہ ہو سکا، جس کے باعث چند لمحوں کے لیے ماحول کشیدہ ہو گیا۔
View this post on Instagram
ذرائع کے مطابق، بعد ازاں راکیش روشن نے گفتگو ختم کر کے فوٹوگرافرز کے ساتھ تصاویر بنوانا شروع کر دیں، جس کے بعد معاملہ ختم ہوتا دکھائی دیا۔
ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ تیز ہو گیا۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ممکن ہے دس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہو، آخرکار وہ کروڑوں کماتے ہیں۔
ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ کیا وہ واقعی دعائیں دینے آئے تھے یا رقم بٹورنے؟ ساتھ ہی اس نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں راکیش روشن کو موردِ الزام کیوں ٹھہرایا جا رہا ہے۔
اقرار الحسن کا تینوں بیویوں کے ساتھ ڈنر؛ سوشل میڈیا پر طنز کا طوفان
واضح رہے کہ اس شادی کی تقریب میں فلم انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں ہریتھک روشن، ان کے بیٹے ہریہان اور ہردھان شامل تھے، جبکہ سوزین خان بھی اپنے قریبی دوست کے ہمراہ تقریب میں موجود تھیں۔
