امریکا نے نائیجیریا کے شمال مغربی علاقے میں داعش سے منسلک شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کی ہے، جس میں متعدد جنگجو مارے گئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائی نائیجیریا کی حکومت کی درخواست پر سوکوٹو ریاست میں کی گئی، جہاں شدت پسند گروہ مبینہ طور پر مقامی آبادی، بالخصوص مسیحی برادری کو نشانہ بنا رہا تھا۔
امریکی افریقہ کمانڈ کے مطابق کارروائی نائیجیریا کے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے تحت انجام دی گئی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ داعش کے معلوم ٹھکانوں پر کیا گیا، جہاں سے خطے میں حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
امریکا کا شام میں فضائی حملہ؛ داعش کے 70 سے زائد ٹھکانے تباہ
صدر ٹرمپ نے کرسمس کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے گا اور معصوم شہریوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکی وزیر دفاع نے بھی نائیجیریا کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے مزید اقدامات کے اشارے دیے ہیں۔
نائیجیریا کی وزارت خارجہ نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری سیکیورٹی تعاون کا حصہ ہے، جس کا مقصد شدت پسند گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم نائیجیریا کے حکام کا مؤقف ہے کہ ملک میں تشدد کا مسئلہ پیچیدہ ہے اور اس کا تعلق صرف ایک مذہبی برادری تک محدود نہیں۔
امریکی میگزین نے پاکستان کو عالمی توجہ کا مرکز قرار دے دیا
یاد رہے کہ نائیجیریا کے مختلف حصے گزشتہ کئی برسوں سے شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیوں کی زد میں ہیں، جہاں سیکیورٹی فورسز کو مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔

