باکسنگ ڈے کے موقع پر کھیلا جانے والا ایشز ٹیسٹ ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کے جادو کی گواہی بن گیا، جہاں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 93 ہزار 442 شائقین نے میچ کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔
اتنی بڑی تعداد میں تماشائیوں کی موجودگی نے ثابت کر دیا کہ جدید دور میں بھی ٹیسٹ کرکٹ کی کشش کم نہیں ہوئی۔
میچ کے پہلے دن انگلینڈ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو صرف 152 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، جب اوورکاسٹ کنڈیشنز میں انگلش فاسٹ بولرز نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو مشکلات میں ڈال دیا۔
Where would you rather be? 😎 pic.twitter.com/PK5wwFa7AU
— Melbourne Cricket Ground (@MCG) December 25, 2025
اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور جیک ویترالڈ جلد پویلین لوٹ گئے، جبکہ مارنس لبوشین اور کپتان اسٹیو اسمتھ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ جوش ٹنگ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس ایٹکنسن نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ مائیکل نیسر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اگرچہ آسٹریلیا اس سیریز میں پہلے ہی ایشز برقرار رکھ چکا ہے، تاہم میلبورن میں انگلینڈ کی یہ کارکردگی ان کے لیے اعتماد بحال کرنے کا ذریعہ بنی ہے، خاص طور پر اس وقت جب ٹیم پر سیریز کے دوران مبینہ غیر پیشہ ورانہ رویے پر تنقید ہو رہی تھی۔
ایم سی جی کی تاریخ میں یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ کرکٹ نے ریکارڈ توجہ حاصل کی ہو۔ اس اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ فائنل، اولمپکس اور اے ایف ایل سمیت کئی بڑے ایونٹس میں تاریخی حاضریاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں، تاہم باکسنگ ڈے ٹیسٹ اب بھی شائقین کے لیے ایک خاص حیثیت رکھتا ہے۔
