راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ملک بتدریج مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت و وقار کی جانب بڑھ رہا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) اور ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں ملکی و علاقائی سلامتی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے آغاز میں فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر ملکی ایماء پر دہشت گردی کے فروغ کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرنے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں افواج پاکستان کی پُرعزم کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ملک بتدریج مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت و وقار کی جانب بڑھ رہا ہے۔
کانفرنس کے شرکا نے اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے ساتھ فیصلہ کن اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان کسی بھی قسم کے گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ چاہے وہ عناصر سیاسی ہوں یا کسی اور شکل میں۔ اس کے ساتھ ہی مسلح افواج اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
کانفرنس میں بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا گیا جو مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور سماجی روابط کے ذریعے دہشت گردی کے محرکات کے خاتمے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
شرکاء نے قومی ایکشن پلان کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے عوامی اور ترقیاتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ تاکہ پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
فورم نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ جبکہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی بھی توثیق کی گئی۔
شرکاء کانفرنس نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، جدید ٹیکنالوجی اور میدانِ جنگ میں اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج نے جنگ میں بھارت کو وہ سبق سکھایا جسے پوری زندگی یاد رکھے گا، وزیراعظم
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فوج قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کنونشنل، سب کنونشنل، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
