جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیاد پر2فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے ۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق جولائی سے نومبرتک پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر6.416ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دو فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر6.523ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔
نومبر میں پیٹرولیم گروپ کی درآمدات کا حجم 1.266ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال نومبرکے مقابلے میں 10فیصد کم ہے، گزشتہ سال نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر1.408ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔.
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اہم فیصلے: گاڑیوں کی درآمد کا نیا طریقہ کار منظور، پیٹرول مارجن میں اضافہ
اکتوبرکے مقابلے میں نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں ماہانہ بنیاد پر8فیصد کمی ہوئی ، اکتوبرمیں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 1.375ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو نومبرمیں کم ہوکر1.266ارب ڈالر ہوگیا۔
واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کا درآمدی بل 28.40ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 24.99ارب ڈالرکے مقابلے میں 13.6فیصد زیادہ ہے۔
