اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عدالتی فیصلے کے بعد بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی کے لیے نئی جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اچانک اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں واقع کوئٹہ ہوٹل پہنچے۔ جہاں وہ عام شہریوں میں گھل مل گئے اور گفتگو کی۔
شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں عمران خان کا پیغام موصول ہو گیا ہے۔ جس کے بعد اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت ختم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پیغام کے ساتھ ہی اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ وہ اور ان کی ٹیم ہر گلی، ہر مارکیٹ اور ہر محلے میں جائیں گے۔ اور پورے ملک کو جدوجہد کے لیے متحرک کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ لوگوں کے دروازے کھٹکھا کر انہیں سڑکوں پر آنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ اور آج سے عمران خان کے حکم کے مطابق ڈور ٹو ڈور مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان اور ان کا خاندان قوم کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ اور اب قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ عمران خان پاکستان اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اور ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی اور پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے آواز بلند کرے۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف نے نام نہاد بھارتی لبرلز کا منافقانہ چہرہ بے نقاب کر دیا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہ تحریک پرامن ہو گی۔ اور عوامی طاقت کے ذریعے ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی کوشش کی جائے گی۔
