تلنگانہ: بھارت میں تیز رفتار ٹرین کے دروازے پر خوش گپیوں میں مصروف نوبیاہتا جوڑا گر کر ہلاک ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں نوجوان جوڑے کے ٹرین سے گرنے کا افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ دونوں چلتی ٹرین کے دروازے پر خوش گپیوں میں مصروف تھے کہ اچانک دونوں کا پاؤں پھسل گیا اور وہ ٹرین سے نیچے جا گرے۔
دونوں کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ان کی موت ہو گئی۔
ریلوے پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ سمہاچلم اور 19 سالہ بھوانی کے نام سے ہوئی۔ جو آندھرا پردیش کے رہائشی تھے۔ سمہاچلم تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں ایک کیمیکل فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔ جبکہ بھوانی شادی کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ حیدرآباد آئی تھی۔
نو بیاہتا جوڑے کی دو ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ سمہاچلم حیدرآباد کے مضافاتی علاقے میں ایک کیمیکل فیکٹری میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ جوڑا اپنے گھر جانے کے لیے جمعرات کی رات سکندرآباد سے ٹرین میں سوار ہوا تھا۔
ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ واقعے کے بعد اہلخانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: عمان نے بھارتی وزیر اعظم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا
ریلوے حکام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر ٹرین کے دروازوں پر کھڑا ہونا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ اور حفاظتی اصولوں پر عمل نہ کرنے سے ایسے المناک واقعات پیش آتے ہیں۔
