کراچی: سندھ حکومت نے جاب پورٹل پر سرکاری نوکریوں کے اشتہارات جنوری کے اختتام تک جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں صوبے میں عوامی خدمات، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری بھرتیوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ہدایت کی کہ صوبائی جاب پورٹل پر سرکاری ملازمتوں کے اشتہارات جنوری کے اختتام تک جاری کیے جائیں۔ تاکہ روزگار کے مواقع شفاف، بروقت اور میرٹ کی بنیاد پر فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔ جس سے حکومتی امور میں شفافیت اور فیصلہ سازی میں تیز رفتاری آئے گی۔
انہوں نے وزیر اعظم کمپلینٹ سیل سے موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری سندھ نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اور عوامی خدمات کی فراہمی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنشن کے تمام کیسز ایک سال کے اندر جبکہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے معاملات 6 ماہ کے اندر نمٹائے جائیں۔ تاکہ ریٹائرڈ ملازمین اور سرکاری اہلکاروں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی جماعتیں نیم جمہوری ہیں، مخالف کا سرقلم کرنیوالا خود بھی سزا بھگتتا ہے، سعد رفیق
اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری سندھ نے تمام محکموں پر زور دیا کہ عوام کو بہتر، مؤثر اور بروقت خدمات کی فراہمی حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
