کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں نے بلوچستان ہائیکورٹ میں مشترکہ طور پر درخواست دائر کر دی ہے۔
۔درخواست یونس بلوچ اور دیگر کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال، ووٹر لسٹوں میں سنگین مسائل اورامن و امان کی مجموعی صورتحال کے باعث بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی اوردشوارموسمی حالات میں عوام کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنزتک نہیں پہنچ سکے گی، جس سے انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ ووٹر لسٹوں میں نقائص اوردرستگی نہ ہونے کے باعث منصفانہ انتخابات ممکن نہیں اوراس صورتحال میں انتخابات کرانا جمہوری اصولوں کے منافی ہوگا۔
سہیل آفریدی اشتہاری قرار ، ایک مہینے کے اندر عدالت پیش ہونے کا حکم
مزید کہا گیا کہ موجودہ حالات میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے قیامِ امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
پٹیشن بلوچستان عوامی پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دائر کی گئی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور پشتونخوا نیشنل پارٹی نے بھی عدالت سے رجوع کیا ہے۔
درخواست گزاروں نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو حالات بہتر ہونے تک ملتوی کیا جائے تاکہ شفاف، منصفانہ اور پُرامن انتخابی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
