آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ پر حالیہ حملے کے الزام میں گرفتار ملزم نے تفتیشی حکام کے سامنے بیان دینے سے انکار کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے قانونی حقِ خاموشی کا استعمال کیا، جس کے باعث تفتیش میں پیش رفت محدود ہو گئی ہے۔
اسی دوران زندہ بچ جانے والے اس حملہ آور پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے جس میں 15 افراد کے قتل سمیت 59 سنگین الزامات شامل ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق 24 سالہ نوید اکرم کو منگل کے روز کوما سے ہوش میں آنے کے بعد بدھ کو باقاعدہ طور پر چارج کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ نوید اکرم کو اتوار کی رات پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے سڈنی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس کی حالت تشویشناک تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ملزم کو عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
