سانگھڑ کے علاقے شاہ پور چاکر کے قریب باراتیوں کی گاڑی کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں دولہا اور دلہن سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ گاڑی کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی سڑک سے الٹ گئی حادثے کے وقت گاڑی میں باراتی سوار تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پتوکی میں افسوسناک حادثہ، دو موٹرسائیکلوں کے تصادم میں 4 افراد جاں بحق
اسپتال ذرائع کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم دولہا اور دلہن کو احتیاطی تدابیر کے تحت زیرِنگرانی رکھا گیا ہے۔
حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، تاہم پولیس اور ریسکیو عملے کی کارروائی کے بعد صورتحال معمول پر آ گئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران گاڑیوں کی حالت اور حفاظتی اقدامات کا خاص خیال رکھا جائے۔
