لاس اینجلس: ہالی ووڈ کے معروف اداکار و ہدایت کار 78 سالہ راب رینر (Rob Reiner) اور ان کی اہلیہ 67 سالہ مشیل سنگر رینر اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس نے واقعے کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق معروف اداکار اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ان کے قریبی اہلخانہ نے دریافت کیں۔ اور فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 911 پر اطلاع دی گئی۔
لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کو دوپہر تقریباً 3 بج کر 38 منٹ پر طبی امداد کی کال موصول ہوئی۔ جبکہ پولیس تقریباً 3 بج کر 40 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ چاقو کے وار سے پیش آیا۔ تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ کچھ غیر مصدقہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جوڑے کے بیٹے 32 سالہ نک رینر سے اس حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق نک رینر ماضی میں منشیات اور بے گھری جیسے مسائل کا سامنا کر چکے ہیں۔
لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ تاحال کسی مشتبہ شخص کی باضابطہ شناخت یا گرفتاری نہیں ہوئی۔ اور تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں۔
ڈپٹی چیف ایلن ہیملٹن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی پرزن آف انٹرسٹ کا نام ابھی سامنے نہیں لایا گیا اور تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہم انسان ہیں، روبوٹ نہیں، ثانیہ مرزا نے ذہنی پریشانی پر خاموشی توڑ دی
یاد رہے کہ سال 2015 میں راب رینر نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر فلم بنگ چارلی بنائی تھی۔ جو ایک نوجوان کی منشیات سے نجات کی جدوجہد پر مبنی تھی۔
