بانی پی ٹی آئی اورسابق وزیر اعظم عمران خان(imran khan) کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ(Jemima Goldsmith) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ کے مالک ایلون مسک سے شکوہ کردیا۔
جمائما نے ایکس پر ایک طویل پوسٹ میں ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے گلہ کیا ہے کہ تقریباً 36 لاکھ فالوورز کے باوجود اُن کی عمران خان سے متعلق ٹوئٹس پاکستان میں بہت کم لوگوں تک پہنچ پا رہی ہیں۔

آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے چیٹ بوٹ گروک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اُن کی پوسٹس کی ’سیکرٹ تھروٹلنگ‘ کی جا رہی ہے۔
جمائما نے ایکس پر ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ایلون، آپ کو یاد ہوگا کہ ہم پہلے بھی مل چکے ہیں۔ میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ (خان) ہوں، جنھیں سنہ 2022 میں ہٹا دیا گیا تھا اور اب وہ 22 ماہ سے سیاسی قیدی کے طور پر قید تنہائی میں ہیں۔
عمران خان کی سابق خوشدامن اور جمائما کی والدہ اینابیل گولڈ اسمتھ انتقال کر گئیں
جمائما نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ہمارے بیٹوں نے اس عرصے کے دوران اپنے والد کو نہیں دیکھا، کئی ماہ سے اُن کی اپنے والد سے بات نہیں ہوئی اور خط بھیجنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ پاکستان کے ہر ٹی وی اور ریڈیو پر عمران خان کا نام لینے کی بھی ممانعت ہے۔
جمائما نے ایکس کے چیٹ بوٹ گروک(grok)کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ گروک نے میرے 35 لاکھ سے زائد فالوورز کا جائزہ لیا ہے اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ’میرا اکاونٹ ’سیکرٹ تھروٹلنگ‘ کے زمرے میں آتا ہے۔ یعنی الگورتھم میری پوسٹس کو محدود کر دیتا ہے۔
جمائما نے دعویٰ کیا کہ سنہ 2023 اور سنہ 2024 کے مقابلے میں 2025 میں ان کی پوسٹس کی پہنچ 97 فیصد تک کم ہوئی ہے۔
میرے بچوں کو والد سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں، جمائما خان
جمائما نے ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ سے بولنے کی آزادی کے ان وعدوں کا احترام کرنے کے لیے کہہ رہی ہوں جو آپ نے اس پلیٹ فارم کے لیے کیے ہیں۔ لہذا میرے اکاؤنٹ سے ’سیکرٹ ٹھروٹلنگ‘ ہٹا دیں۔‘
ایلون مسک کی جانب سے جمائما کی پوسٹ پر تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ۔
