بیجنگ: چینی سائنسدانوں نے چکن جیسی غذائیت، ذائقے اور ساخت والا متبادل گوشت تیار کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی سائنسدانوں نے فوڈ ٹیکنالوجی میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے چکن جیسی غذائیت، ذائقے اور ساخت رکھنے والا متبادل گوشت (پروٹین) تیار کر لیا۔ جو مستقبل میں خوراک کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
چینی محققین نے فرمینٹیشن اور فائبر اسٹرکچرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے چکن کے متبادل کے طور پر یہ نیا پروٹین تیار کیا۔
ماہرین نے کہا کہ یہ پروٹین پودوں سے حاصل ہونے والے غذائی اجزا اور فنگس کے امتزاج سے بنایا گیا ہے۔ جو طویل مدتی غذائی تحفظ سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ابتدائی تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ متبادل گوشت نہ صرف چکن کی طرح پکایا جا سکتا ہے۔ بلکہ اسے چکن کی مانند ریشے ریشے بھی کیا جا سکتا ہے۔ جس سے ذائقے اور ساخت میں اصل چکن سے مشابہت پیدا ہوتی ہے۔
محققین کے مطابق اس متبادل گوشت کی تیاری کا بنیادی مقصد پولٹری فارمنگ پر انحصار کم کرنا اور عوام کو سستا، ماحول دوست اور غذائیت سے بھرپور چکن کا متبادل فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جاپانی کمپنی نے انسانی واشنگ مشین متعارف کرا دی
رپورٹ کے مطابق چکن کے متبادل کے طور پر تیار کیا گیا یہ گوشت جلد ہی منتخب مارکیٹس میں متعارف کرا دیا جائے گا۔ جس کے بعد اسے ریسٹورینٹس، پیکڈ فوڈز اور گھریلو استعمال کے لیے پیش کیا جائے گا۔
