پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے تجویز کیے گئے نئے مارجن کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں پمپس بند کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
چیئرمین ایسوسی ایشن عبدالسّمیع خان نے واضح کیا کہ ڈیلرز نے حکومت سے 8 فیصد مارجن کا مطالبہ کیا تھا، اور اس شرح سے کم پر کاروبار چلانا ممکن نہیں رہا۔
عبدالسّمیع خان کے مطابق ڈیلرز کو اس وقت صرف 3.12 فیصد مارجن مل رہا ہے، جو بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث ناکافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ڈیلر مارجن 8 فیصد نہ کیا تو وہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اہم فیصلے: گاڑیوں کی درآمد کا نیا طریقہ کار منظور، پیٹرول مارجن میں اضافہ
چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت کو 10 دن کا وقت دیا جا رہا ہے، جس کے بعد ڈیلرز کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کرکے آئندہ کے لائحہ عمل اور حتمی اعلان کریں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت 8 فیصد مارجن بڑھانے کی تحریری یقین دہانی کروائے، چاہے یہ اضافہ قسطوں میں ہی کیوں نہ کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو ملک میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے ابھی تک اس صورتحال پر کوئی حتمی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
