ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ اور ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے بغیر تلاشی حوالات میں بند کرنے کے عمل کو سنگین غفلت قرار دے دیا ہے۔
سرکلر کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ عملے کو واضح ہدایت کی گئی ہے کہ آف لوڈ یا ڈی پورٹ کیے جانے والے ہر فرد کی مکمل اور باقاعدہ تلاشی لینا لازمی ہے۔
ادارے نے نشاندہی کی ہے کہ متعدد بار عملہ تلاشی کے بغیر ہی ایسے افراد کو حوالات میں منتقل کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے اہم شواہد غائب ہونے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
سرکلر میں ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے تمام افراد کا سامان، دستاویزات، موبائل فونز، سگریٹ اور دیگر اشیا فوراً قبضے میں لی جائیں اور ان کا تحریری ریکارڈ تیار کیا جائے۔
ایف آئی اے نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر 13 مسافر آف لوڈ کر دیے
تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد متعلقہ فرد سے دستخط لے کر ریکارڈ ایس ایچ او اور محرر کے حوالے کیا جائے۔
ایف آئی اے نے تاکید کی ہے کہ نئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شواہد کے ضیاع اور غفلت جیسے مسائل دوبارہ جنم نہ لیں۔
