جرمن قونصلیٹ جنرل نے پاکستان سے جرمنی جانے کے خواہشمند طالبعلموں اور ملازمت کے امیدواروں کے لیے ایک بڑا اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسٹوڈنٹ اور ایمپلائمنٹ ویزا کی تمام کیٹیگریز کو قونصلر سروسز پورٹل پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قونصلیٹ کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد درخواستوں کے عمل کو تیز، مؤثر اور شفاف بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ درخواست گزاروں کو بروقت ویزے جاری کیے جاسکیں۔
پاکستان میں بے روزگاری کی شرح بڑھ کر 7.1 فیصد ہوگئی، لیبر فورس سروے
اعلامیے کے مطابق، قونصلیٹ نے واضح کیا ہے کہ تمام موجودہ ویٹنگ لسٹس کو مستقل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور یہ ریکارڈ ڈیلیٹ بھی کر دیا جائے گا۔ تاہم، جن درخواست دہندگان کو پہلے ہی انٹرویو یا ویزا اپائنٹمنٹ مل چکی ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی طے شدہ تاریخ پر ہی پرانے نظام کے تحت حاضر ہوں۔ ان اپائنٹمنٹس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
دوسری جانب، وہ تمام افراد جنہوں نے ابھی تک اپائنٹمنٹ حاصل نہیں کی، انہیں اب لازمی طور پر قونصلر سروسز پورٹل کے ذریعے پوری ویزا پراسیسنگ شروع کرنا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے آن لائن سبمیشن سسٹم 12 دسمبر 2025 سے فعال ہو جائے گا، اور درخواست گزار متعلقہ کیٹیگری کے مطابق ڈیجیٹل اپلائی کر سکیں گے۔
طالبعلموں (Student Visa) کے لیے درخواستیں اب پورٹل کے لنکdigital.diplo.de/studium کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔
جبکہ روزگار (Employment)، ٹریننگ، جاب سیکر، اور دیگر طویل مدتی ویزا کیٹیگریز میں درخواست دینے والوں کوdigital.diplo.de/visa-ewt پر اپنی اپلیکیشن جمع کرانی ہوگی۔
بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے افراد کو رجسٹریشن کروانا لازم ہو گا
قونصلیٹ نے زور دیا کہ یہ اقدام جرمنی کے ویزا سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور تیز رفتار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس تبدیلی سے نہ صرف اپلائی کرتے وقت درپیش مشکلات کم ہوں گی بلکہ درخواستوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت ابتدائی اسکریننگ، دستاویزات کی اپ لوڈنگ، اور اپوائنٹمنٹ کا اجرا سب کچھ خودکار طریقے سے پورٹل کے ذریعے ہوگا، جس سے درخواست گزاروں کو زیادہ سہولت ملے گی۔
جرمن قونصلیٹ کا یہ فیصلہ ہزاروں پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جو جرمنی میں تعلیم یا ملازمت کے مواقع حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔
