بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بارابنکی میں ایک جعلی ڈاکٹر کے غلط آپریشن نے ایک خاتون کی جان لے لی۔
اناڑی اور نشے میں دھت اس شخص نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر سرجری کی کوشش کی اور مریضہ کے پیٹ، آنتوں اور غذائی نالی کی کئی رگیں کاٹ دیں۔
پولیس کے مطابق خاتون کا نام منیشرا راوت تھا۔ انہیں شدید پیٹ درد پر اُن کے شوہر مقامی غیر رجسٹرڈ کلینک لے کر گئے، جہاں کلینک کے مالک گیان پرکاش مشرا اور وِویک مشرا نے انہیں بتایا کہ درد کی وجہ گردے کی پتھری ہے۔ دونوں نے 25 ہزار روپے میں آپریشن کی بات کی جو بعد میں 20 ہزار پر طے ہوا۔
اگلے ہی دن گیان پرکاش نے یوٹیوب ویڈیو دیکھتے ہوئے سرجری شروع کی۔ نشے کی حالت میں اس نے پتھری نکالنے کے بجائے پیٹ میں گہرے زخم لگا دیے اور آنتوں سمیت اہم رگیں کاٹ ڈالیں، جس کے بعد مریضہ کی حالت خراب ہوتی گئی اور اگلے روز وہ دم توڑ گئیں۔
فیس بک پر مارکیٹنگ کرنے والی جعلی ڈاکٹر گرفتار
شوہر کی شکایت پر پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی اور دونوں ملزمان کے خلاف غیر ارادی قتل اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک غیر مجاز تھا اور دونوں ملزمان فرار ہیں، جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
