کوئٹہ: الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کی درخواست مسترد کر دی۔
الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی الیکشن التوا کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخاب شیڈول کے مطابق ہو گا۔ اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 28 دسمبر کو ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا کہ بلوچستان حکومت آئین کے مطابق الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں کی معاونت کرے۔ اور تمام اداروں کی ہر ممکنہ معاونت کی جائے جنہیں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ ووٹرز، امیدواروں، عوام اور پولنگ عملے کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ اور کوئٹہ ڈسٹرکٹ میں بلا تعطل پُرامن پولنگ کو یقینی بنایا جائے۔
رکن الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد نے اختلافی نوٹ لکھا کہ کوئٹہ میں سخت سردی کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہو گا۔ اور کوئٹہ میں لوگ سخت سردی کے باعث دوسرے اضلاع میں ہجرت کر جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر راج لگانے کی کسی میں ہمت نہیں، اسد قیصر
شاہ محمد نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سازگار نہیں ہے۔ کوئٹہ کے الیکشن امن و امان اور موسم کی صورتحال نارمل ہونے تک ملتوی کیے جائیں۔
