اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گورنر راج لگانے کی کسی میں جرات نہیں۔ اور گورنر راج سے صوبہ نہیں چل سکے گا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے مطالبہ کرتے ہیں گورنر راج پر اپنا آفیشل مؤقف واضح کرے۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جائے احمد کریم کنڈی کا بیان پارٹی پالیسی ہے یا نہیں؟ ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ اور گورنر راج ان کے بس کی بات نہیں۔ پی ٹی آئی امن چاہتی ہے۔ اور دہشت گردی کے خلاف تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پالیسی میں لوکل کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے۔ جبکہ پالیسی ساز صوبائی حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ وفاقی حکومت ہمارے قومی جرگوں کو اہمیت نہیں دے رہی۔ جبکہ جرگے میں سیاسی جماعتیں بھی شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور میں تمام موٹرسائیکلوں پر سیفٹی انٹینا لگانے کا حکم
انہوں نے کہا کہ کیا ہمارے جلسوں میں تقاریر عطا تارڑ کی پریس کانفرنسز سے زیادہ سخت تھیں؟ جلسے میں تمام تقاریر آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کی گئیں۔ اور آئین و قانون کے اندر رہ کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ قانون میں جتنی گنجائش ہے ہم اتنی بات کریں گے۔
