اسلام آباد، جمعیت علمائے اسلام کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے گردش کرنے والی باتیں کسی طور دانشمندانہ نہیں ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسا فیصلہ نہ صرف سیاسی عدم استحکام کا باعث بنے گا بلکہ وفاق اور صوبے کے درمیان کشیدگی میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان اورانتظامی معاملات کے حل کیلئے آئینی راستے موجود ہیں، لہٰذا غیر معمولی اقدامات سے اجتناب برتنا چاہیے۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں یکسوئی نظر نہیں آتی، جس کے باعث صوبائی سطح پر گورننس کے مسائل مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں۔
تعلیمی فیصلوں میں پرائیوٹ اسکولز کو بطور اسٹیک ہولڈر شامل کیا جائے، گورنر پنجاب
انہوں نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا کہ جے یو آئی ہم خیال دینی و سیاسی جماعتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ملکی صورتِ حال پر مشترکہ مؤقف کی تشکیل پرمشاورت جاری ہے۔
انہوں نے مدارس کی رجسٹریشن کے حل طلب مسائل پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کئی اہم معاملات اب تک تعطل کا شکار ہیں، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر بھی عملدرآمد نہیں ہو رہا جو کہ تشویشناک ہے۔
سیکریٹری جنرل جے یو آئی نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور مشاورت مکمل ہونے پرحکومت مخالف تحریک کے حوالے سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔
