خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے تحت اب گاڑی کا نمبر گاڑی کے بجائے شہری کی ذاتی ملکیت ہوگا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ’’پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم‘‘ (PRM) کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس کے بعد گاڑی فروخت ہونے کی صورت میں بھی پرانا نمبر فروخت کنندہ کے پاس ہی رہے گا۔
ایکسائز حکام کے مطابق نیا ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم جعلی اور کلون نمبر پلیٹس کے خاتمے میں مدد دے گا جبکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل تیز، شفاف اور کرپشن فری بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ PRM سسٹم کے تحت شہری گاڑی کے نمبر کی ملکیت ایسے رکھ سکے گا جیسے شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی ملکیت ہوتی ہے۔
مزید کہا گیا کہ گاڑی فروخت ہونے پر پرانا نمبر بغیر کسی اضافی فیس کے مالک کے پاس محفوظ رہے گا جبکہ خریدار کو نئے نمبر کے لیے خود درخواست دینا ہوگی۔ شہری اپنا رجسٹریشن نمبر تین سال تک بغیر کسی گاڑی پر استعمال کیے محفوظ رکھ سکیں گے۔
بھارت میں شہری کو گاڑی چلاتے ہیلمٹ پہننے پر جرمانہ، واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے محکمہ ایکسائز کے لیے منشیات کے خلاف کارروائیوں میں پولیس کی طرز پر شہید پیکج کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور بڑے نیٹ ورکس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔
