لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ذہنی مریض کے ساتھ صرف ذہنی ڈاکٹر ہی مذاکرات کر سکتا ہے۔ قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کی جاسکتی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص سرخ لکیر عبور کرے گا۔ اس کی سزا آئین میں درج ہے۔ تم اپنی گندی زبان سے فوج کو متنازع بناتے ہو۔ کسی کو اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے۔ ایسے عناصر کو آئین میں غدار قرار دیا جاتا ہے۔ ذہنی مریض کے ساتھ صرف ذہنی ڈاکٹر ہی مذاکرات کر سکتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بیرونی فنڈنگ سے سیاست کرنے والوں کے اصل چہرے بےنقاب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ فارن فنڈنگ کی بنیاد پر ملک میں انتشار پھیلایا گیا۔ جبکہ 9 مئی کا واقعہ اپنی کرپشن اور جرائم چھپانے کے لیے کیا گیا۔ ایسے عناصر سے وہی سلوک ہوگا جو ملک دشمنوں سے کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ہائی الرٹ، بڑے شہروں میں فوری کومبنگ آپریشنز کا حکم
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا گورنر ہاؤس کو جلانے کی دھمکی ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان جانتے ہیں کہ ملک کا دفاع کیسے کیا جاتا ہے۔
