لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت بڑے شہروں میں فوری سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے ساتھ مل کر آپریشنز میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے، سکیورٹی گارڈز اور ایمرجنسی انخلا کے تمام انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں آنے والے افراد کی فوری پروفائلنگ اور ڈیٹا چیکنگ کا حکم دے دیا۔ جبکہ انہوں نے ٹی ایل پی سمیت کالعدم تنظیموں کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کی روک تھام کے لیے ڈور ناکنگ، مشکوک سرگرمیوں پر نظر اور انٹیلی جنس شیئرنگ مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے۔ صوبے میں ٹریفک لائسنسنگ میں 930 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ پنجاب پولیس میں آئندہ دنوں میں مزید 3 ہزار 500 پروموشنز دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور اداروں کیخلاف بات کرنے والی زبان کھینچ لی جائے گی،طلال چوہدری
دوسری جانب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے مبینہ روابط رکھنے والے 12 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔
