اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور کے جلسے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے مؤقف کو درست ثابت کر دیا۔ اداروں کے خلاف استعمال ہونے والے زبان کھینچ لی جائے گی۔ اب اڈیالہ کے باہر آ کر دکھائیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام توقع کر رہے تھے کہ پی ٹی آئی پشاور جلسے میں اپنی 13 سالہ کارکردگی پر بات کرے گی۔ لیکن ہمیشہ کی طرح جلسہ گالم گلوچ، الزام تراشی اور بے بنیاد تنقید تک محدود رہا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مسلسل فوج اور اس کے سربراہ کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹ رہی ہے جبکہ فوج سیاست میں کوئی مداخلت نہیں کر رہی۔ پی ٹی آئی نے اپنی ہی زبان اور رویئے سے اداروں کو جواب دینے پر مجبور کیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ فوج اور اس کی قیادت نے طویل عرصے تک صبر اور درگزر سے کام لیا۔ جبکہ پی ٹی آئی نے کبھی اسرائیل اور بھارت پر سنجیدہ تنقید نہیں کی۔ بلکہ ہمیشہ دہشتگردوں کے لیے نرم گوشہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو کئی بار پارلیمنٹ میں مذاکرات کی دعوت دی۔ مگر آج اپنی انہی پیش کشوں پر خود کو شرمندہ محسوس کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی اپنی اولاد آج بھی گولڈ اسمتھ کے گھر پروان چڑھ رہی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آکر خود کو عقلِ کل سمجھنے والا “ذہنی مریض” ہی ہو سکتا ہے۔ جو لوگ ہری پور کا انتخاب نہیں جیت سکے وہ ملک کے دیگر شہروں میں انتخابات کیسے جیتیں گے؟
انہوں نے مزید کہا ضمنی الیکشن ہارنے کے بعد پی ٹی آئی اداروں اور انکے سربراہان پر تنقید کرتی ہے۔ جو اب قابل برداشت نہیں رہی۔ اداروں کے خلاف بدزبانی کا سلسلہ مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کسی خود فریبی یا گمان میں نہ رہے ، اگلی بار جواب زیادہ برق رفتار اور شدید ہو گا ، فیلڈ مارشل
طلال چوہدری نے خبردار کیا کہ جو زبان اداروں کے خلاف استعمال ہو گی وہ کھینچ لی جائے گی۔ اب مذاکرات نہیں ہوں گے اور بدزبانی نہیں چلے گی۔ اب اڈیالہ کے باہر آکر تماشہ کریں۔
