لندن، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کے تین روزہ دورے کے دوران اہم سکیورٹی اور سفارتی معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی چند پاکستانیوں کی حوالگی سے متعلق معاملہ برطانوی وزارتِ خارجہ کے حکام کے ساتھ اٹھائیں گے اوراس حوالے سے اہم پیش رفت کا امکان ظاہرکیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی برطانوی فارن آفس کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات طے ہے جس میں مطلوب پاکستانی شہریوں کے خلاف شواہد اور قانونی نکات پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی ان افراد سے متعلق شواہد پہلے ہی پاکستان میں موجود برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کر چکے ہیں۔
انڈونیشیا کے صدر دو روزہ دورے پر پیر کو پاکستان پہنچیں گے
دوسری جانب برطانوی فارن آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے فراہم کیا گیا ڈوزئیر تاحال لندن نہیں پہنچ سکا تاہم اس معاملے پردونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں۔
اپنے دورے کے دوران محسن نقوی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی حیثیت سے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کی لانچ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
یہ تقریب اتوارکو لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگی، جہاں مختلف ممالک کے کرکٹ حکام اور کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ملاقات کی جس میں برطانیہ میں غیرقانونی طورپرمقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امورپربات چیت ہوئی۔
اس دوران وزیرداخلہ نے شہزاداکبراورعادل راجہ کی حکومت پاکستان کی طرف سے حوالگی کےکاغذات برطانوی ہائی کمشنرکے سپرد کئے اورکہا کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں، ان کو فوری پاکستان کے سپرد کیا جائے۔
