دنیا بھر میں سیاست اور دولت کا گہرا تعلق ہمیشہ بحث کا موضوع رہا ہے، تاہم بعض سیاستدان ایسے بھی ہیں جنہوں نے اقتدار کے ساتھ ساتھ بے پناہ دولت بھی جمع کر رکھی ہے۔
ایک تازہ رپورٹ میں دنیا کے امیر ترین سیاستدانوں کی فہرست سامنے آئی ہے، جس میں کئی طاقتور حکمرانوں کے نام شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمر پیوٹن دنیا کے سب سے امیر سیاستدان قرار دیے گئے ہیں، جن کی مبینہ دولت 200 ارب ڈالر کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔
دوسرے نمبر پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دولت تقریباً 9 ارب ڈالر جبکہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 7.2 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
فہرست میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی دولت تقریباً 5 ارب ڈالر، چینی صدر شی جن پنگ کی دولت ڈیڑھ ارب ڈالر اور افریقی ملک ایکویٹوریل گنی کے صدر تیودورو اوبیانگ کی دولت 60 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔
دیگر امیر سیاستدانوں میں روانڈا کے صدر پال کاگامے، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تخمینے عام مالی وسائل، نجی کاروبار، اثاثے اور ریاستی اثاثوں سے مبینہ طور پر منسلک دولت کی بنیاد پر لگائے گئے ہیں، جبکہ ان کی اصل مالیت کی تصدیق خود متعلقہ حکومتوں نے نہیں کی ہے۔
