سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ملکی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں اور معیشت بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران ختم کیے بغیر حالات بہتر نہیں ہوں گے۔
اسد عمر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو بہتر بنانے کے لیے 8 کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، مگر ڈیڑھ سال میں کچھ خاص اقدامات نہیں کیے گئے۔
انہوں نے ٹریفک قوانین کے نفاذ کی تعریف کی، تاہم اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ غریب موٹر سائیکل سواروں پر چالان کیے جا رہے ہیں جبکہ طاقتور طبقہ قانون سے بالاتر ہے۔
اسد عمر کی کمرہ عدالت میں طبیعت بگڑ گئی ، اسپتال منتقل
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان نے مؤثر جواب دیا اور دنیا نے بھی اس کا اعتراف کیا، مگر اندرونی مسائل کے باعث ملکی حالات درست نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ساڑھے تین سال ضائع کیے ہیں اور سیاسی بحران کے حل کے بغیر ملک کی بہتری ممکن نہیں۔
اسد عمر نے تمام فریقین پر زور دیا کہ مل کر بیٹھ کر سیاسی بحران کا حل نکالا جائے تاکہ ملک کو صحیح سمت میں لایا جا سکے۔
